ای بڈنگ اور ای ٹینڈرنگ کا نظام متعارف

پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں صوبائی حکومت کی ای گورننس اسٹریٹیجی کے تحت محکمہ پبلک ہیلتھ انجنیئرنگ کے جملہ امور میں شفافیت کے لئے ای بڈنگ اور ای ٹینڈرنگ کا نظام متعارف کروایا گیا، جبکہ ای ورک آرڈر اور ای بلنگ سسٹم متعارف کروانے پر کام جاری ہے، اس سال جون کے آخر تک ای بلنگ سسٹم متعارف کیا جائیگا۔ اسی طرح محکمے میں جیو گرافک انفارمیشن سسٹم متعارف کرنے کے لئے آلات کی خریداری مکمل کر لی گئی ہے اور درکار سٹاف کی بھرتی کا کام جاری ہے۔ مزید برآں محکمہ کی استعداد کار کو بڑھانے کے لئے محکمے کی ریسٹرکچرنگ کا عمل شروع کیا گیا ہے جس کے تحت دیگر عملے کے علاوہ 53مزید آفیسرز بھر تی کئے گئے ہیں اور ضلع اور تحصیل کی سطح پر محکمے کو توسیع دی گئی ہے۔ ان اقدامات کے نتیجے میں محکمے کی مجموعی کارکردگی اور عوامی خدمات کی فراہمی کے علاوہ محکمے کی سالانہ آمدن میں خاطر خواہ بہتری آئی ہے۔ 
    یہ بات جمعرات کے روز وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کی زیر صدارت محکمہ پبلک ہیلتھ انجنیئرنگ میں اصلاحات کے حوالے سے منعقدہ ایک اجلاس میں بتائی گئی ۔ وزیراعلیٰ نے محکمہ آبنوشی میں اصلاحاتی اقدامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے محکمہ کی ریسٹرکچر نگ کا عمل تیز رفتاری سے مکمل کرنے جبکہ جنوبی اضلاع میں پینے کے پانی کا مسئلہ دیر پا بنیادوں پر حل کرنے کے لئے حقیقت پسندانہ اور قابل عمل ماسٹر پلان تیار کرنے کی ہدایت کی ہے.