وزیراعظم عمران خان کی جانب سے گورنربلوچستان کو لکھے گئے خط کے مندرجات سامنے آگئے۔
وزیراعظم نے اپنے خط میں امان اللہ خان یاسین زئی کو لکھا کہ میں صوبے میں نیا گورنر تعینات کرنا چاہتا ہوں، آپ گورنربلوچستان کے عہدے سے مستعفی ہوجائیں۔
وزیراعظم نے خط میں یہ بھی لکھا کہ آپ کی کارکردگی پر کوئی منفی تاثر نہیں رکھتا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم پیر کو نئے گورنر بلوچستان کیلئے نام کا حتمی فیصلہ کریں گے ، وزیراعظم عمران خان، ظہورآغا کو گورنربلوچستان بنانے کےخواہاں ہیں جبکہ بلوچستان عوامی پارٹی نے سینیٹر نصیب اللہ بازئی کا نام فائنل کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی بلوچستان کے پارلیمانی اراکین نےگذشتہ روز وزیر اعظم پاکستان عمران خان سے کوئٹہ میں ملاقات کے دوران گورنر بلوچستان امان اللہ یاسین زئی کی تبدیلی کا مطالبہ بھی کیا تھا اور ان سے کہا تھا کہ کے پی، پنجاب اور سندھ کی طرح بلوچستان میں بھی پارٹی سے تعلق رکھنے والی شخصیات کو گورنر بنایا جائے ، جس پر وزیر اعظم عمران خان نے پی ٹی ائی کے پارلیمانی اراکین سے نئے نام مانگ لیے تھے۔
گورنر کیلئے پارلیمانی اراکین جن ناموں پر غور کررہے ہین ان میں پی ٹی آئی کے صوبائی صدر ڈاکٹر منیر بلوچ، پارٹی رہنما ہمایوں جوگیزئی اور ظہور آغا کے نام شامل ہیں ۔