کورونا وائرس سے ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 146 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ گزشتہ ایک دن میں کورونا کے 4 ہزار 696 مثبت کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 48 ہزار 740 کورونا ٹیسٹ کئے گئے، جن میں سے 4 ہزار 696 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق کے بعد ملک بھر میں کورونا کے فعال مریضوں کی تعداد 90 ہزار 553 ہوگئی ، جن میں سے 5 ہزار سے زائد مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
ملک بھر کے مختلف اسپتالوں میں کورونا کے 671 مریض وینٹی لیٹرز پر ہیں۔ مردان میں مختص 80 فیصد وینٹی لیٹرز پر کورونا مریض ہیں، اس کے علاوہ ملتان 76 فیصد، لاہور میں 69 فیصد، بہاولپور 67 وینٹیلیٹرز پر کورونا مریض زیر علاج ہیں،پشاور کے 72 ، صوابی 63 ،سوات 61 فیصد آکسیجن بیڈز پر کورونا مریض ہیں۔
سرکاری اعدادو شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 146 اموات رپورٹ ہوئیں جس کے بعد مجموعی اموات کی تعداد 17 ہزار 957 ہوگئی ہے۔
این سی او سی کے مطابق ملک بھر میں اب تک مجموعی طور پر کورونا کے مصدقہ متاثرہ افراد کی تعداد 8 لاکھ 25 ہزار 519 ہو گئی ہے جبکہ ملک بھر میں صحت یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد 7 لاکھ 17 ہزار 9 ہوگئی ہے۔