وزیراعلیٰ کا مختلف تھانوں کا بغیر پروٹوکول دورہ 

پشاور:وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے ہفتے کے روز بغیر کسی پروٹوکول تھانہ چمکنی اور تھانہ غربی پشاور کا اچانک دورہ کیا  اور ان تھانوں میں رجسٹر اور روزنامچہ سمیت دیگر ریکارڈ چیک کئے۔ 

وزیر اعلیٰ نے ان تھانوں کے حوالاتیوں سے ملاقات کرکے ان سے پولیس کے عمومی برتاو کے بارے میں معلومات حاصل کی۔ 

تھانہ غربی میں صفائی کی ابتر صورتحال اور سی سی ٹی وی کیمروں کی خرابی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے سی سی پی او پشاور سے صوبائی دارالحکومت کے تمام تھانوں میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کے بارے میں رپورٹ طلب کرلی جبکہ غربی تھانے کے انچارج کو ایک ہفتے کے اندر تھانے میں صفائی کی مجموعی صورتحال میں واضح بہتری لانے کی ہدایت کی۔

 انہوں نے پولیس اسٹیشنز میں بجلی کی لٹکتی تاروں اور دیگر تنصیبات کی مخدوش صورتحال کے حوالے سے پولیس کے متعلقہ حکام کو تھانوں کے ان معاملات کو درست کرنے کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھانے کی بھی ہدایت جاری کی۔ وزیر اعلی نے پولیس سٹیش چمکنی کے باہر کھڑی مال مقدمہ کی گاڑیوں کو فوری طور  پر ان گاڑیوں کے لئے مختص وئیر ہاؤس منتقل کرنے کی ہدایت کی۔

وزیر اعلیٰ نے پولیس اہلکاروں کو ہدایت کہ وہ ملزموں کے ساتھ  برتاؤ اور عوام کے ساتھ اپنے رویوں میں بہتری لائیں تاکہ پولیس پر عوام کا اعتماد مکمل  بحال ہو، پولیس عوام کی جان و مال اور عزت و آبرو کے تحفظ کی ذمہ دار ہے، اس سلسلے میں غفلت اور کوتاہی کسی صورت قبول نہیں۔ 

دریں اثناء وزیر اعلیٰ نے شہر کے مختلف علاقوں میں کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا۔