کورونا وائرس سے ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 161 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ گزشتہ ایک دن میں کورونا کے 3 ہزار 377 مثبت کیسز رپورٹ ہونے کے بعد ملک میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 8.9 فیصد ہوگئی ہے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 37 ہزار 587 کورونا ٹیسٹ کئے گئے، جن میں سے 3 ہزار 377 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق کے بعد ملک بھر میں کورونا کے فعال مریضوں کی تعداد 86 ہزار 151 ہوگئی ، جن میں سے 5 ہزار سے زائد مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
سرکاری اعدادو شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 161 اموات رپورٹ ہوئیں جس کے بعد مجموعی اموات کی تعداد 18 ہزار 310 ہوگئی ہے۔
این سی او سی کے مطابق ملک بھر میں اب تک مجموعی طور پر کورونا کے مصدقہ متاثرہ افراد کی تعداد 8 لاکھ 37 ہزار 523 ہو گئی ہے جبکہ ملک بھر میں صحت یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد 7 لاکھ 33 ہزار 62 ہوگئی ہے۔