ڈی ایچ کیو سوات کے ڈاکٹر علی اکبر کورونا سے جاں بحق

خیبر پختونخوا میں ایک اور  مسیحا نے کورونا سے لڑتے ہوئے اپنی جان کا نذرانہ پیش کردیا جس کے نتیجے میں صوبے میں کورونا سے جاں بحق ڈاکٹرز کی تعداد 66 ہو گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق ڈی ایچ کیواسپتال مٹہ سوات میں بطور سینئر میڈیکل آفیسر تعینات ڈاکٹر علی اکبر کورونا سے انتقال کرگئے۔

ڈاکٹر علی اکبر 2 ہفتوں سے اسلام آباد کے اسپتال میں زیر علاج تھے۔

پروونشل ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کاکہنا ہے کہ صوبے میں کورونا سے جاں بحق ڈاکٹروں کی تعداد 66 تک جا پہنچی ہے۔

واضح رہے کہ کورونا وائرس کی جاری تیسری لہر کے دوران پاکستان بھر میں مریضوں اور اموات میں تیزی سے اضافہ جاری ہے، کورونا مریضوں کی تعداد کے حوالے سے مرتب کی گئی فہرست میں ملک 29 ویں پر آگیا ہے۔

این سی او سی کے مطابق کورونا وائرس سے ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران  مزید 140 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ گزشتہ ایک دن میں کورونا کے 4 ہزار 298 مثبت کیسز رپورٹ ہوئی ہیں۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں اس وقت کورونا کے فعال مریضوں کی تعداد 83 ہزار 699 ہے ، جن میں سے 5 ہزار سے زائد مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔