عید تعطیلات، سیاحت پرعائد پابندی میں‌ نرمی کا اعلان

پشاور: خیبر پختون خوا حکومت نے کرونا کے باعث سیاحت پر عائد ہونے والی پابندی میں نرمی کردی۔
 

خیبرپختون خواہ حکومت نے کرونا ایس او پیز کے تناظر میں عید الفطر کے دوران سیاحتی مقامات پر جانے کی پابندی عائد کی تھی۔

حکومت کی جانب سے عائد کی جانے والی پابندی کا اطلاق مقامی اور غیر ملکی سیاحوں  پر ہونا تھا۔

نوٹی فکیشن میں بتایا گیا تھا کہ مقامی اور ملکی افراد پر سیاحتی مقامات پر 8سے 16 اپریل تک کرونا ایس او پیز کے تناظر میں پابندی عائد ہوگی۔

اب صوبائی محکمہ سیاحت خیبرپختون خوا نے پابندی سے استشنیٰ کا نوٹی فکیشن جاری کردیا۔  جس کے مطابق غیرملکی سیاحوں اور بین الاقوامی گروپس کو سیاحتی مقامات پر جانے کی اجازت ہوگی۔

نوٹی فکیشن میں بتایا گیا ہے کہ غیرملکی سیاحوں کو سیاحتی مقامات پر ایس او پیز پر ہر صورت عمل کرنا ہوگا جبکہ انہیں کرونا ٹیسٹ کی منفی رپورٹ بھی دکھانا ہوگی۔

محکمہ سیاحت کے مطابق 8 سے 16 اپریل کے درمیان شمالی علاقہ جات میں قائم سیاحتی یا تفریحی مقامات پر جانے والے غیرملکی سیاحوں کو پی سی آر رپورٹ  دکھانے کے بعد ہی جانے کی اجازت دی جائے گی۔

صوبائی محکمے کی جانب سے صرف غیر ملکی سیاحوں یا بین الاقوامی سیاحتی گروپس کو ہی جانے کی اجازت دی گئی ہے، مقامی یا پاکستانی شہریوں پر پابندی بدستور برقرار ہے۔