طالبان نے اہم ضلع پر قبضہ کرلیا، متعدد افغان فوجی مار دیئے

کابل:افغانستان کے وسطی صوبہ میدان وردک میں طالبان نے افغان فوج کو شدید لڑائی کے بعد پسپا کرکے افغان دارالحکومت کابل کو جنوبی صوبہ قندہار سے ملانے والی مرکزی شاہراہ پر واقع ایک اہم ضلع کا کنٹرول حاصل کرلیا جبکہ بڑی تعدادمیں افغان فوجی اہلکاروں کو ہلاک کرکے اسلحہ اور گولہ بارود کا بڑا ذخیرہ بھی قبضہ میں لینے کا دعویٰ کیا ہے۔

 مقامی میڈیا اور سرحدپارسے موصولہ اطلاعات کے مطابق طالبان جنگجوؤں نے افغان دارالحکومت سے تقریباً 40 کلومیٹر کی مسافت پر قندہارجانے والی مرکزی شاہراہ پر واقع وسطی صوبہ میدان وردک کے انتہائی اہم ضلع نِرخ میں شدیدلڑائی کے بعدافغان سیکورٹی فورسز کو پسپائی پر مجبورکردیا اور ضلع کا کنٹرول سنبھال لیا۔

 طالبان ترجمان ذبیح اللہ مجاہدنے اپنے ٹوئیٹر پیغام میں کہا ہے کہ طالبان نے افغان فورسز کے ساتھ شدید لڑائی کے بعد سرکاری فوج کو پیچھے دھکیل کر صوبہ میدان وردک کے انتہائی اہم ضلع نِرخ کا مکمل کنٹرول حاصل کرلیا ہے جبکہ لڑائی میں سیکورٹی فورسز کی بڑی تعداد کو ہلاک اور یرغمال بناکر اسلحہ و گولہ بارود کے بہت بڑے ذخیرے پر قبضہ کرلیا۔

افغان وزارت داخلہ کے ترجمان طارق آریان نے طالبان قبضے کی تصدیق کرتے ہوئے تسلیم کیا ہے کہ افغان سیکورٹی فورسز نے تکنیکی پسپائی اختیار کی ہے ادھر صوبہ میدان وردک کے صوبائی ممبر شریف اللہ ہوتک نے بھی ضلع پر طالبان کے کنٹرول کی تصدیق کی ہے۔