اسٹاک ہوم: سائنس دانوں نے زخموں میں انفیکشن روکنے والا نیا مواد تیار کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سائنس دانوں نے ایک ایسا مواد (نیا ہائیڈرو جل) تیار کیا ہے جو زخموں میں انفیکشن کو روکنے کے ساتھ ساتھ ہر قسم کے بیکٹیریا کے خلاف بھی کارگر ہوگا۔
سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ یہ ہائیڈرو جل زخم کے بھرنے اور فوری صحیح ہونے کارگر ثابت ہوا ہے، بالخصوص اینٹی بائیوٹک کے خلاف مزاحمت کرنے والے بیکٹیریا کے خلاف اس کے کارگر ہونے کے ثبوت ملے ہیں۔
یہ نیا مواد سویڈن کی چالمرز یونی ورسٹی آف ٹیکنالوجی کے محققین نے تیار کیا ہے، جو زخموں میں انفیکشن کی روک تھام کرتا ہے، یہ ایک خاص طور پر ڈیزائن کیا گیا ہائیڈروجل (hydrogel) ہے، جو ہر طرح کے بیکٹیریا کے خلاف کام کرتا ہے، بشمول اینٹی بائیوٹک کے خلاف مزاحمت کرنے والے۔
یہ نیا مواد اینٹی بائیوٹک کے خلاف مزاحمت کے بڑھتے ہوئے عالمی مسئلے سے نمٹنے کے لیے بڑی امید قرار دی جا رہی ہے، عالمی ادارہ صحت نے اینٹی بائیوٹک کے خلاف مزاحمت کرنے والے بیکٹیریا کو عالمی صحت کے لیے ایک بڑا خطرہ قرار دیا ہے۔
چالمرز یونی ورسٹی کے شعبہ کیمسٹری و کیمیکل انجینئرنگ کے محقق، پروفیسر مارٹن اینڈرسن کا کہنا ہے کہ مختلف قسم کے بیکٹیریا پر اس نئے ہائیڈروجل کی جانچ کے بعد ہم نے اس کی اعلیٰ سطح کی تاثیر دیکھی، ان بیکٹیریا کے خلاف بھی جو اینٹی بائیوٹکس کے خلاف مزاحم بن چکے ہیں۔
اس نئے جراثیم کُش مادے میں فعال مادہ اینٹی مائکروبیل پیپٹائڈز پر مشتمل ہے، اینٹی مائکروبیل پیپٹائڈز چھوٹے پروٹین ہیں جو ہمارے مدافعتی نظام میں قدرتی طور پر پائے جاتے ہیں۔
مارٹن اینڈرسن کے مطابق ان اقسام کے پیپٹائڈز کے ساتھ اس بات کا خطرہ بہت کم ہوتا ہے کہ بیکٹیریا ان کے خلاف مزاحمت پیدا کر سکیں، کیوں کہ یہ صرف بیکٹیریا کی بیرونی جھلیوں کو ہی متاثر کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ محققین طویل عرصے سے پیپٹائڈز کے استعمال کی کوششیں کر رہے ہیں تاہم وہ کامیاب نہیں ہوئے تھے۔