ریاض:سعودی عرب نے سفری پابندیوں والے ممالک سے پاکستان کا نام نکال دیا ہے۔سعودی شہری اب پاکستان کا سفر کرسکیں گے۔
سعودی عرب میں سفری پابندیاں اٹھا نے کے فیصلے کے تحت تمام ایئرپورٹس، بندرگاہیں اور سرحدی چوکیاں سعودی شہریوں کے لیے کھول دی گئیں۔
سعودی محکمہ پاسپورٹ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ’وہی سعودی سفر کرسکیں گے جو کورونا ویکسین کی دونوں خوراکیں لے چکے ہوں۔
ایک خوراک لینے والے وہ افراد بھی سفر کرنے کے اہل ہیں جو پہلی خوراک لینے کے بعد چودہ دن گزار چکے ہوں‘۔کورونا وائرس سے صحت یاب ہونے والوں کو بھی سفر کی اجازت ہوگی۔
اٹھارہ برس سے کم عمر کے سعودی شہریوں کو سفر کی مشروط اجازت ہے‘۔سعودی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ بیشتر ممالک سے آنے والے غیر ملکی زائرین کو کورونا ویکسین کا سرٹیفکیٹ دکھانے پر قرنطینہ میں رہنے کی ضرورت نہیں ہوگی تاہم کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے اقدامات کے تحت امریکا، بھارت، برطانیہ، جرمنی، فرانس اور متحدہ عرب امارات سمیت 20 دیگر ممالک کے زائرین پر ریاست میں داخل ہونے پر پابندی عائد رہے گی۔