شاہ محمود قریشی سوڈان، فلسطین اور ترک وزرائے خارجہ کے ہمراہ ترکی سے نیویارک جائیں گے

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اہم سفارتی مشن پر ترکی پہنچ گئے۔انقرہ ہوائی اڈے پر انقرہ کے ڈپٹی گورنر اسماعیل کوریجی نے ان کا استقبال کیا۔ ترکی میں پاکستان کےسفیر اور سفارتخانے کے سینئر افسران بھی ایئرپورٹ پر موجود تھے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی گزشتہ روز وزیر اعظم عمران خان کی خصوصی ہدایت پر فلسطین کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر عالمی برادری کی توجہ مبذول کروانے سفارتی مشن پر ترکی روانہ ہوئے تھے۔

ذرائع کے مطابق  وزیر خارجہ کل سوڈان، فلسطین اور ترک وزرائے خارجہ کے ساتھ نیویارک جائیں گے۔

ذرائع کے مطابق وزیر خارجہ نیویارک میں مختلف اہم شخصیات کے ساتھ ملاقاتیں کریں گے، وزیر خارجہ، اقوام متحدہ جنرل اسمبلی میں فلسطینیوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کیخلاف آواز اٹھائیں گے۔

وزیر خارجہ،مقامی و بین الاقوامی میڈیا نمائندگان سےگفتگو کریں گے اور فلسطین کی صورتحال پر پاکستان کا نکتہ نظر پیش کریں گے۔