بھارت میں بحری جہاز سمندر برد، سینکڑوں افراد لاپتہ

نئی دہلی : سمندری طوفان تاؤتے کی نتیجے میں ممبئی کے ساحل سے نزدیک بحری جہاز سمندر برد ہونے سے سیکڑوں افراد لاپتہ ہوگئے۔


طوفان تاؤتے کے باعث بھارت میں شدید طوفانی بارشوں اور تیز آندھی کا سلسلہ جاری ہے، سمندری لہروں کی وجہ سے سڑکیں دریاں میں تبدیل ہوگئیں جب کہ درجنوں افراد کو لقمہ اجل بن گئے۔

طوفان کے نتیجے میں ساحلی شہر ممبئی میں بحری جہاز سمندر برد ہوگیا جس میں سوار 273 میں سے 146 افراد کو ریسکیو کرلیا گیا تاہم 127 مسافر اب بھی لاپتہ ہیں۔

بھارتی حکام نے کشتیوں، ماہی گیروں کو ریسکیو کرنے کےلیے بحریہ کے دو جہازتعینات کردئیے ہیں۔

میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ طوفان تاؤتے کی وجہ سے منگل کے روز چلنے والی تیز آندھی اور بارشوں سے چند گھنٹوں کے دوران جنوبی انڈیا میں 20 افراد کی جان چلی گئی۔

طوفان کے باعث بھارت کی متعدد ریاستوں میں بجلی کے کھمبے، درخت اور مکانات گرنے سے اب تک درجنوں افراد ہلاک ہوچکے ہیں جب کہ ڈیڑھ لاکھ کے قریب افراد اپنی جان بچانے کےلیے گھروں کو خالی کرکے محفوظ مقامات پر منتقل ہوگئے ہیں۔

بھارتی حکام نے طوفان سے بچانے کےلیے اسپتالوں میں زیر علاج 600 کرونا مریضوں کو بھی محفوظ مقامات پر منتقل کردیا ہے۔

یہ طوفان 18 مئی کو گجرات کے ساحل کو عبور کرتے ہوئے شمال مغرب میں منتقل ہوگا۔ محکمہ موسمیات نے ساحلی علاقوں کے ماہی گیروں کے لیے انتباہ جاری کیا تھا۔