برطانیہ،انتہاء پسند نے فلسطین کے حق میں نکالی گئی ریلی پر گاڑی چڑھا دی

ناٹنگھم: برطانیہ میں انتہا پسند نسل پرست شخص نے اپنی تیز رفتار کار فلسطین کے حق میں نکالی گئی ریلی کے شرکاء پر چڑھا دی جس سے متعدد افراد زخمی ہوگئے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق برطانوی پولیس نے ایک 51 سالہ شخص کو گرفتار کیا ہے جس پر فلسطین کے حق میں نکالی گئی ریلی میں شریک افراد کو کار سے ٹکر مارنے کا الزام ہے۔

ناٹنگھم میں اسرائیل کے خلاف اور فلسطین کے حق میں ایک ریلی نکالی گئی تھی جس میں بڑی تعداد میں شہری شریک تھے۔

شہریوں نے اسرائیل کے خلاف نعرے بازی کی اور فلسطین کے حق میں بینرز اُٹھا رکھے تھے۔

ریلی پُر امن طریقے سے اپنے اختتامی مقام کی جانب بڑھ رہی تھی کہ اچانک ایک کار تیزی سے ریلی کے اندر گھس گئی جس سے متعدد شرکاء زخمی ہوگئے جنہیں قریبی اسپتال میں طبی امداد فراہم کی گئی۔

پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے 51 سالہ کار ڈرائیور کو حراست میں لے لیا ہے تاہم ملزم کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی ہے اور نہ ریلی کے شرکاء کو کار سے ٹکر مارنے کی وجہ بتائی گئی ہے۔