کراچی:کراچی کے علاقے بھینس کالونی میں روڈ بلاک کرکے شہریوں سے لوٹ مار کرنیوالے ڈاکوؤں اور پولیس میں ایک گھنٹے جاری رہنے والے مقابلے میں پولیس کانسٹیبل شہید اور تین ڈاکو مارے گئے تین ڈاکو فرار ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق منگل کی صبح لانڈھی بھینس کالونی روڈ نمبر 05 لٹھ بستی قبرستان کے قریب چھ مسلح ڈاکو ناکہ لگا کر شہریوں سے لوٹ مار کررہے تھے۔
لٹنے والے شہری نے تھانے کے اہلکاروں کو ڈاکوؤں کی اطلاع دی جس پر دو موٹرسائیکل پر سوار5 پولیس اہلکار موقع پر پہنچے تو ملزمان نے پولیس پر فائرنگ کردی۔
پولیس اور ملزمان میں ایک گھنٹے فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا ملزمان کی فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار شہید فائرنگ کے تبادلے کے دوران تین ڈاکو مارے گئے جبکہ تین ملزمان فرار ہوگئے۔
ملزمان کے قبضے سے اسلحہ اور مسروقہ سامان برآمد ہوا ایس ایچ او کے مطابق شہید اہلکار کا آبائی تعلق ہری پور ہزارہ سے تھا اور وہ تین بچوں کا باپ تھا۔