ایک دن میں مزید 3 ہزار سے زائد نئے شکار

کورونا وائرس سے ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران  مزید 104 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ گزشتہ ایک دن میں کورونا کے  3 ہزار 256 مثبت کیسز رپورٹ ہوئی ہیں۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 41 ہزار 771 کورونا ٹیسٹ کئے گئے، جن میں سے 3 ہزار 256 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق  کے بعد ملک بھر میں کورونا کے فعال مریضوں کی تعداد 66 ہزار 377 ہوگئی ، جن میں سے 4 ہزار سے زائد مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

 سرکاری اعدادو شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 104 اموات رپورٹ ہوئیں جس کے بعد مجموعی اموات کی تعداد 19 ہزار 856 ہوگئی ہے۔

این سی او سی کے مطابق ملک بھر میں اب تک مجموعی طور پر کورونا کے مصدقہ متاثرہ افراد کی تعداد 8 لاکھ 86 ہزار 184 ہو گئی ہے جبکہ  ملک بھر میں صحت یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد 7 لاکھ 99 ہزار 951 ہوگئی ہے۔