لندن:بل گیٹس نے تسلیم کیا ہے کہ ان کے مائیکرو سافٹ کی ایک ملازمہ سے ناجائز تعلقات تھے۔
بل گیٹس نے یہ اعتراف ایک ترجمان کے ذریعے اس وقت کیا ہے جب وال اسٹریٹ جرنل نے گزشتہ دنوں ایک رپورٹ میں انکشاف کیا تھا کہ بل گیٹس نے مارچ 2020 میں اپنی کمپنی مائیکرو سافٹ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز سے اس لیے الگ ہوگئے تھے کہ ان کے خلاف جاری کمپنی کی تحقیقات میں یہ بات ثابت ہوئی تھی کہ ان کے ایک خاتون ملازم کے ساتھ جنسی تعلقات تھے۔
یہ ابھی واضح نہیں کہ 2 دہائیوں پرانے اس ناجائز تعلق یا کمپنی کی تحقیقات کا مائیکرو سافٹ کے شریک بانی اور ان کی اہلیہ ملینڈا فرنچ گیٹس کی 27 سالہ شادی کے خاتمے میں کوئی کردار ہے یا نہیں۔
بل گیٹس کی ترجمان بریجیٹ آرنلڈ نے ایک بیان میں بتایا 'بل گیٹس کا ایک معاشقہ لگ بھگ 20 سال پہلے ہوا تھا جس کا اختتام دوستانہ انداز سے ہوا تھا'۔
مائیکرو سافٹ نے بھی وال اسٹریٹ جرنل کی رپورٹ کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ 2019 میں کمپنی کے بورڈ نے ایک انجینئر کے الزامات کی جانچ پڑتال کی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ اس کے بل گیٹس سے ناجائز تعلقات تھے۔
کمپنی کے ترجمان فرینک شا نے بتایا 'مائیکرو سافٹ کو 2019 کی دوسری ششماہی کے دوران معلوم ہوا تھا کہ بل گیٹس نے 2000 میں کمپنی کی ایک عہدیدار سے ناجائز تعلقات قائم کیے تھے'۔