گزشتہ ایک دن میں مزید 4 ہزار سے زائد افراد کورونا کا شکار

کورونا وائرس سے ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران  مزید 131 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ گزشتہ ایک دن میں کورونا کے 4 ہزار 207 مثبت کیسز رپورٹ ہوئی ہیں۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 51 ہزار 130 کورونا ٹیسٹ کئے گئے، جن میں سے 4 ہزار 207 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق  کے بعد ملک بھر میں کورونا کے فعال مریضوں کی تعداد 66 ہزار 282 ہوگئی ، جن میں سے 4 ہزار سے زائد مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

 سرکاری اعدادو شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 131 اموات رپورٹ ہوئیں جس کے بعد مجموعی اموات کی تعداد 19 ہزار 987 ہوگئی ہے۔

این سی او سی کے مطابق ملک بھر میں اب تک مجموعی طور پر کورونا کے مصدقہ متاثرہ افراد کی تعداد 8 لاکھ 90 ہزار 391 ہو گئی ہے جبکہ  ملک بھر میں صحت یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد 8 لاکھ 04 ہزار 122 ہوگئی ہے۔