اسلام آباد: عالمی ذیابیطس فیڈریشن نے پاکستان میں ذیابطیس کے بڑھتے کیسز پر اظہار تشویش کیا ہے۔
عالمی ذیابیطس فیڈریشن کے صدرنے اس ضمن میں حکومت پاکستان کے نام باضابطہ مراسلہ جاری کردیا، جس میں ذیابیطس کو کنٹرول کرنے کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھانے، آئندہ بجٹ میں میٹھے مشروبات پرٹیکس بڑھانے کی تجویز دیدی۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں ذیابیطس کے مریضوں کا کل تخمینہ1 کروڑ 94لاکھ لگایا گیا ہے۔ تاہم حقیقت میں اصل تعداد اس سے بھی زیادہ ہے۔ مراسلے میں تشویش کا اظہار کیا گیا ہے کہ پاکستان میں اب مزید لوگوں کو بھی ذیابیطس ہونے کا خطرہ ہے۔
مراسلے میں حکومت پاکستان سے اپیل کی گئی ہے کہ پاکستان ذیابیطس کی روک تھام کیلئے ٹھوس اقدامات کرے، حکومت آئندہ بجٹ میں ذیابیطس کا سبب بننے والی اشیاء پر ٹیکس بڑھائے اور خاص طور پر شوگر و میٹھے مشروبات پر ٹیکس میں اضافہ کرے۔