صحت کارپلس فلیگ شپ منصوبہ،آگاہی مہم شروع کرنیکی ہدایت

پشاور:وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے صحت کارڈ پلس سکیم کو قومی سطح پر ایک فلیگ شپ منصوبہ قرار دیتے ہوئے متعلقہ حکام ہدایت کی ہے کہ عوامی فلاح و بہبود کے اس اہم منصوبے کے بارے عوام کو زیادہ سے زیادہ آگہی دینے اور انہیں اس سکیم میں شامل علاج معالجے کی سہولیات اور مقرر کردہ ہسپتالوں کے بارے میں تفصیلی معلومات فراہم کرنے کے لئے اس کی موثر تشہیر کی جائے۔

 وزیر اعلیٰ نے محکمہ اطلاعات اور صحت کے حکام کو ہدایت کی ہے کہ وہ اس سلسلے میں بڑے پیمانے پر آگہی مہم شروع کرنے کے لئے قابل عمل حکمت عملی تیار کریں اور اس مقصد کے لئے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے موثر استعمال پر خصوصی توجہ مرکوز کریں۔

 وہ جمعرات کے روز صحت کارڈ پلس سکیم سے متعلق ایک اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ صوبائی وزراء تیمور سلیم جھگڑا، اکبر ایوب اور وزیر اعلی کے معاون خصوصی کامران بنگش کے علاوہ محکمہ صحت اور اطلاعات کے اعلی حکام نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔

 اگلے مالی سال کے بجٹ میں لیور ٹرانسپلانٹ کی سہولت کو اس سکیم میں شامل کیا جائے گا جبکہ سرکاری ملازمین کے لئے او پی ڈی سروسز کو بھی سکیم میں شامل کرنے کا معاملہ بھی زیر غور ہے۔

 انہوں نے کہا کہ اس سکیم کی افادیت اور اہمیت کے پیش نظر عوام کو اس کے بارے میں زیادہ سے زیادہ معلومات کی فراہمی کی ضرورت ہے تاکہ عوام اسے زیادہ سے زیادہ مستفید ہو سکیں۔

 وزیر اعلیٰ نے مزید ہدایت کی صوبے کے مختلف علاقوں کے عوام کو اس سکیم کے بارے میں مقامی زبانوں میں آگہی فراہم کرنے کیلئے خصوصی اقدامات کئے جائیں۔