پشاور ایئرپورٹ پر پاک فوج کے سراغ رساں کتے تعینات

پشاور: باچا خان ایئرپورٹ پر کورونا کیسز میں اضافے کے پیش نظر پاک فوج کے تربیتِ یافتہ سراغ رساں کتے تعینات کردیے گئے جو کورونا مریضوں کی نشاندہی کریں گے۔

اس ضمن میں پشاور ایئرپورٹ پر خصوصی ہیلتھ ڈیسک قائم کی گئی ہے، اے سی سی کی ٹیم محکمہ صحت کی معاونت کرے گی اور سراغ رساں کتوں کو  کورونا مریضوں کی نشاندہی کے لیے استعمال کیا جائے گا۔

کتوں کی مدد سے  کورونا مریضوں کی نشاندہی اور ہیلپ ڈیسک قائم کرنے کا فیصلہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی ہدایت پر کیا گیا ہے۔

ہیلتھ ڈیسک باچا خان ایئرپورٹ کے انٹرنیشنل آئیول لاؤنج میں قائم کی گئی ہے۔ سول ایوی ایشن کے مطابق دنیا کے مختلف ایئرپورٹس پر  کورونا کی نشاندہی کے لیے کتوں کا استعمال کیا جارہا ہے۔

رپورٹ کے مطابق کتوں کی تربیت آرمی کینائن سینٹر کے ماہرین نے کی ، جن کی مدد سے بیرونِ ملک سے آنے والی پروازوں کے مسافروں کے سویب ٹیسٹ  کیے جائیں گے۔