سنگدل بھائی کے ہاتھوں سگا بھائی پورے خاندان سمیت قتل 

بہاولپور: زمین کے تنازع پر بھائی نے اپنے سگے بھائی، بھابھی اور دو بھتیجیوں کو قتل کردیا۔

 بہاولپور کی تحصیل یزمان کے علاقے ہیڈ راجگاں کے چک نمبر 116 ڈی این بی میں سنگدل بھائی نے زمین کے تنازع پر اپنے سگے بھائی، بھابھی اور دو بھتیجیوں کو تیز دھار آلے سے قتل کردیا۔ 

پولیس حکام نے بتایا کہ ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ دونوں بھائیوں کے درمیان عرصہ دراز سے وراثتی زمین کا جھگڑا چل رہا تھا، اور بات ہاتھا پائی سے قتل تک پہنچ گئی۔

 ملزم نواز نے تیز دھار آلے سے اپنے بھائی مقصود، بھابھی وسیمہ بی بی، دو سگی بھتیجیوں 15 سالہ سویرا رانی اور 14 سالہ گلشن رانی کو قتل کردیا۔

 پولیس کے مطابق محمد نواز نامی ملزم کو گرفتار کرلیا گیا ہے، اور اس کے قبضے سے آلہ قتل(خنجر)بھی برآمد کرلیا گیا ہے، جب کہ نعشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے ٹی ایچ کیو ہسپتال منتقل کرکے ملزم سے مزید تفتیش شروع کردی گئی ہے۔