پشاور:خیبرپختونخوا حکومت نے ستمبر میں بلدیاتی الیکشن کرانے کا فیصلہ کرلیاہے۔
اس سلسلہ میں وزیر اعلیٰ محمود خان نے تیاریاں مکمل کرنے کی ہدایات جاری کردی ہیں الیکشن نئے نظام کے تحت منعقد کیے جائیں گے۔
ذرائع کے مطابق صوبائی حکومت رواں سال ماہ ستمبر میں بلدیاتی الیکشن منعقد کروارہی ہے الیکشن کے لیے تیاریاں مکمل کی جارہی ہیں حلقہ بندیاں تقریباً مکمل ہوچکی ہیں۔
ذرائع کے مطابق الیکشن نئے بلدیاتی نظام کی بنیاد پر منعقد کیے جائیں گے جس میں ضلعی حکومت کاتصور ختم کردیاگیاہے۔
یوں اب پہلی بار ٹاؤنز کی بنیادپر صوبہ بھر میں انتخابات کروائے جائیں گے جبکہ بڑے شہروں میں دونظام چلیں گے شہری علاقوں میں میئر جبکہ ٹاؤنزمیں ٹاؤن ناظم کے الیکشن ہونگے۔
پہلی بار میئر اور ٹاؤن ناظمین براہ راست عوامی ووٹوں کے ذریعہ منتخب کیے جائیں گے۔
ذرائع کے مطابق بعض حکومتی حلقوں کی خواہش ہے کہ صوبہ میں ایک ہی مرحلہ میں الیکشن کرائے جائیں تاہم بعض حلقے دومراحل میں الیکشن کرانے کے خواہشمند ہیں اس سلسلہ میں جلد ہی فیصلہ کیاجائے گا کہ نیبر ہڈ اور ویلج کونسلوں اور میئراور ٹاؤن ناظمین کے لیے الیکشن ایک ہی مرحلہ میں کروائے جائیں یا پھر الگ الگ کرائے جائیں۔
صوبائی حکومت ستمبر میں الیکشن کرانے کے حوالہ سے جلدہی تاریخ کاباضابطہ طور پر اعلان کرے گی۔