رشکئی انٹرچینج پر حادثہ،4افراد جاں بحق، 5زخمی

صوابی+مردان:پشاور اسلا م آباد موٹر وے پر رشکئی انٹر چینج کے قریب فلائنگ کوچ اور ٹرک کے مابین تصادم کے نتیجے میں ایک بچے سمیت 4افراد جاں بحق جبکہ 5افراد شدید زخمی ہو گئے۔

 فلائنگ کوچ نمبر LES1297راولپنڈی سے مردان جارہی تھی جب کرنل شیر انٹر چینج کے قریب پہنچی تو ٹرک کے ساتھ ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں کوچ کا ڈرائیور عامر ولد لعل زادہ سکنہ رشکئی، 9 سالہ سجاول اور اس کا والد محمد سلیم خان سکنہ مدینہ کالونی مردان اور راشد جان ولد ششتی گل سکنہ رجڑ چارسدہ جاں بحق ہو گئے۔

 کوچ میں سوار 45سالہ اکرام اللہ، چالیس سالہ مرتضیٰ، چوبیس سالہ یوسف شاہ ساکنان مردان اور چوبیس سالہ عثمان شیر (پاک آرمی) سکنہ قصور لاہور اور ایک نامعلوم شخص شدید زخمی ہو گئے۔


 ریسکیو1122صوابی کی میڈیکل ٹیم نے اطلاع ملتے ہی موقع پر پہنچ کر فلائنگ کوچ کے کچھ حصوں کو کاٹ کر جاں بحق ہونے والوں اور زخمیوں کو نکال کر موقع پر ابتدائی طبی امداد دی اور بعد ازاں فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن اور ریسکیو1122کی ایمبو لینس گاڑیوں میں مردان میڈیکل کمپلیکس مردان منتقل کر دیا گیا۔