پشاور: وزیراعلی خیبرپختونخوا محمود خان نے ایک اہم اقدام اٹھاتے ہوئے یومیہ اُجرت پرکام کرنے والوں کے لئے بڑی خوشخبری سنادی۔
ذرائع کے مطابق وزیراعلی خیبرپختونخوا محمود خان نے یومیہ اجرت پر کام کرنے والوں کی ماہانہ تنخواہ 17 ہزارسے بڑھاکر 21 ہزار کرنے کا اعلان کردیا۔
دیہاڑی داروں کیلئے خوشخبری کے اس موقع پر وزیراعلی خیبرپختونخوا نے اس عزم کا اظہار کیا کہ معاشرے کے کمزورطبقوں کی فلاح و بہبود کے لئے اقدامات کا تسلسل جاری رکھیں گے۔
وزیراعلی محمود خان نے کہا کہ ہم وزیر اعظم عمران کے فلاحی ریاست کے وژن کی تکمیل کے لئے پرعزم ہیں،اور معاشرے کے کمزورطبقوں کی فلاح و بہبود حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔
وزیراعلی نے کہا کہ مشکل صورتحال کے باوجود اگلے بجٹ میں معاشرے کے کمزورطبقوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دیا جائے گا۔