پشاور:وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے صوبائی سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 25 فیصد اضافے کا اعلان کر دیا ہے اضافے کا اطلاق اس سال یکم جون سے ہوگا۔
بد ھ کے روز پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہاکہ اس کے علاوہ آئندہ بجٹ میں بھی سرکاری ملازمین کو ایڈ ہاک ریلیف بھی دیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا حکومت نے سرکاری ملازمین کے ساتھ جو وعدہ کیا تھا وہ بجٹ سے پہلے ہی پورا کر دیا گیا۔
اُنہوں نے مزید کہاکہ کورونا وباء کی وجہ سے درپیش مشکل مالی حالات کے باوجود صوبائی حکومت نے ملازمین کی تنخواہوں میں خاطر خواہ اضافہ کرنے کا فیصلہ کیاہے،۔
موجودہ حکومت معاشرے کے کمزور اور کم آمدنی والے طبقوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات اُٹھا رہی ہے اور ان اقدامات کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔
وزیراعلیٰ کا کہناتھا کہ موجودہ صورتحال میں معاشرے کے کمزور اور کم آمدنی والے طبقوں کو درپیش مشکلا ت کا حکومت کو بخوبی احساس ہے اور حکومت اُن کی مشکلات کو کم کرنے اور اُنہیں زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کیلئے تمام تر دستیاب وسائل بروئے کارلا رہی ہے۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ حکومت کی مثال والدین کی ہوتی ہے اور ملازمین کی مثال اولاد کی ہوتی ہے، اسی لئے حکومت کی یہ بھر پور کوشش ہوتی ہے کہ وہ اپنے ملازمین کواپنے وسائل کے اندر رہتے ہوئے زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرے تاکہ وہ دلجمعی کے ساتھ اپنے فرائض انجام دے سکیں۔
سرکاری اُمور کی انجام دہی اور لوگوں کو بہتر خدمات کی فراہمی میں سرکاری ملازمین کے کردار کو بنیادی اہمیت کاحامل قراردیتے ہوئے وزیراعلیٰ نے اُمید ظاہر کی کہ سرکاری ملازمین حکومت کی پالیسیوں پر عمل درآمد اور صوبے کی ترقی میں اپنا بھر پور کردار ادا کریں گے۔
محمود خان نے کہاکہ پاکستان تحریک انصاف کے گزشتہ دور حکومت میں صوبے میں سرکاری ملازمین کو جو اپ گریڈیشن دی گئی ہے اُس کی کسی دوسرے صوبے میں مثال نہیں ملتی جبکہ سرکاری سطح پر ملازمتوں کے بے پناہ مواقع بھی پیدا کئے گئے۔
یومیہ اُجرت پر کام کرنے والوں کی کم سے کم ماہانہ اُجرت میں اضافے کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہاکہ معاشرے کے کمزور طبقوں کی فلاح و بہبود،اُنہیں زیادہ سے زیادہ ریلیف کی فراہمی وزیراعظم عمران خان اور پاکستان تحریک انصاف حکومت کے فلاحی ریاست کے وژن کا اہم حصہ ہے اور صوبائی حکومت اس وژن کی تکمیل کیلئے نہ صرف پرعزم ہے بلکہ نتیجہ خیزا قدامات بھی اُٹھارہی ہے۔
صوبائی کابینہ اراکین تیمور سلیم جھگڑا، شوکت یوسفزئی اور کامران بنگش بھی اس موقع پر موجود تھے۔