کراچی: ملک میں جعلی ڈومیسائل کے ذریعے سرکاری ملازمت حاصل کرنیوالوں کیخلاف کاروائی کرنیکا فیصلہ کیا گیا ہے اور اس ضمن میں وزارت داخلہ نے کریک ڈاؤن شروع کرنیکی ہدایت جاری کردی ہے۔
ملک میں سرکاری ملازمت حاصل کرنے کے لیے جعلی ڈگریوں کے سکینڈل کے بعد اب ایک نئے سکینڈل نے سر اْٹھا لیا ہے۔
صوبہ سندھ میں سرکاری ملازمین کے جعلی ڈومیسائل بنا کر ملازمتیں حاصل کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔ جس کے بعد حکومت سندھ نے جعلی ڈومیسائل پر سرکاری ملازمت حاصل کرنے والے ملازمین کے خلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ کیا ہے اور اِس حوالے سے وزارت داخلہ نے اہم حکم نامہ جاری کر دیا ہے۔
نجی ٹیلی ویژن چینل کی رپورٹ کے مطابق وزارتِ داخلہ سندھ نے کراچی کے مختلف اضلاع میں جعلی ڈومیسائل اور پی آر سی بنوا کر سرکاری ملازمت حاصل کرنے والوں کے خلاف ایکشن لے لیا۔
محکمہ داخلہ سندھ نے کراچی کے تمام کمشنرز کو حکم نامہ جاری کردیا، جس میں ہدایت کی گئی ہے کہ جعلی ڈومیسائل اور پی آر سی پر ملازمت حاصل کرنے والے افسران کی نشاندہی کی جائے۔