کورونا وائرس سے ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 67 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ گزشتہ ایک دن میں کورونا کے 2 ہزار سے زائد مثبت کیسز رپورٹ ہوئی ہیں۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 51 ہزار 625 کورونا ٹیسٹ کئے گئے، جن میں سے 2 ہزار 482 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق کے بعد ملک بھر میں کورونا کے فعال مریضوں کی تعداد 58 ہزار 611 ہوگئی ، جن میں سے 4 ہزار سے زائد مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
سرکاری اعدادو شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 67 اموات رپورٹ ہوئیں جس کے بعد مجموعی اموات کی تعداد 20 ہزار 607 ہوگئی ہے۔
این سی او سی کے مطابق ملک بھر میں اب تک مجموعی طور پر کورونا کے مصدقہ متاثرہ افراد کی تعداد 9 لاکھ 13 ہزار 784 ہو گئی ہے جبکہ ملک بھر میں صحت یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد 8 لاکھ 34 ہزار 566 ہوگئی ہے۔