کراچی: شاہ لطیف ٹاؤن میں گھریلو جھگڑے كے دوران شوہر نے فائرنگ کرکے بیوی کو قتل کردیا۔
تٖفصیلات کے مطابق شاہ لطیف ٹاؤن كے علاقے بھینس كالونی جوگی موڑ كے قریب گھر میں فائرنگ كے واقعے میں خاتون جاں بحق ہوگئی جس كی لاش ضابطے كی كارروائی كے لیے جناح اسپتال لائی گئی۔
ڈیوٹی افسر اے ایس آئی علی نے مزید تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ قتل کی یہ واردات گھریلو جھگڑے کا شاخسانہ ہے، لڑائی کے دوران ملزم گل محمد نے فائرنگ كر كے اپنی بیوی كو قتل كر دیا اور موقع سے فرار ہوگیا۔ لاش کو فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا گیا، تاہم فوری طور پر مقتولہ كی شناخت نہیں ہو سكی ہے، جب کہ اس كی عمر 33 سال كے قریب بتائی جاتی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ خاتون کے پیٹ میں گولی لگی جو کمر سے پار ہوگئی تھی۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے ملزم کی تلاش شروع کردی ہے۔