اسلام آباد:وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و سربراہ نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر اسد عمر نے ویکسین کو لوگوں تک پہنچانے کے لیے بڑی مہم شروع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں کورونا کیسز کی مثبت شرح 10 فیصد تک پہنچ گئی تھی۔
سخت فیصلوں کے بعد اب کیسز کی مثبت شرح 4 فیصد پر آگئی ہے، پاکستان میں اب تک 70 لاکھ سے زائد ویکسی نیشن کی جاچکی ہے، تمام پاکستانیوں کے لیے وفاقی حکومت مفت ویکسین فراہم کرے گی،عوام ویکسین لگوائیں، رواں سال کے آخر تک 7 کروڑ لوگوں کی ویکسی نیشن کا ہدف ہے۔
جون اور جولائی میں 2 کروڑ ویکسین میسر ہوں گی، کوشش ہے جولائی تک اتنی ویکسینیشن ہوجائے کہ پابندیوں کی ضرورت نہ رہے۔
پیر کواین سی او سی اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کورونا کی صورتحال کے باعث حکومت کو سخت فیصلے کرنے پڑے،سخت فیصلوں کے باعث کورونا کیسز میں کمی نظرآئی۔
اسدعمر نے کہا کہ پاکستان میں اب تک 70 لاکھ سے زائد ویکسی نیشن کی جاچکی ہے۔ عوام سے گزارش ہے کہ ویکسین لگوائیں۔ کورونا سے بچنے کا واحد راستہ ویکسی نیشن ہے۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی نے کہا کہ پاکستان میں کورونا ویکسین لگانے کاسلسلہ تیز ہوگیا ہے،گزشتہ روز سب سے زیادہ 3 لاکھ سے زائد ویکسین لگائی گئی ہیں، ویکسین سے متعلق صوبائی حکومتوں سے رابطے میں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تمام پاکستانیوں کے لیے وفاقی حکومت مفت ویکسین فراہم کرے گی، ویکسین کو عام لوگوں تک پہنچانے کیلئے بھرپورآگاہی مہم چلائیں گے۔
اسد عمر نے کہا کہ چاہتے ہیں بڑی عید سے پہلے ایسی صورتحال پر پہنچیں تاکہ بندشیں نہ لگانا پڑیں، رواں سال کے آخر تک 7 کروڑ لوگوں کی ویکسی نیشن چاہتے ہیں۔
سربراہ این سی او سی اسد عمرنے کہاکہ پڑوسی ممالک کی نسبت کورونا سے پاکستان میں کم نقصان ہوا ہے۔انہوں نے کہاکہ 18سال سے زائد افراد کے لیے مفت ویکسین میسر ہوگی، جون اور جولائی میں 2 کروڑ ویکسین میسر ہوں گی۔