جمعہ کی چھٹی بحال کرنیکی قرارد اد متفقہ طور پر منظور

پشاور:  خیبرپختونخوا کی اسمبلی نے جمعہ کو چھٹی کی بحالی کی قرارداد متفقہ طور پرمنظور کرلی۔

 صوبائی اسمبلی میں ایم پی اے حمیرا خاتون کی طرف سے پیش کی گئی قرارداد میں کہا گیا ہے کہ ملک بھر میں اتوار کے بجائے جمعہ کے دن ہفتہ وار سرکاری چھٹی کو بحال کیا جائے کیونکہ اتوار کی چھٹی کی وجہ سے بازاروں، مارکیٹوں اور نجی اداروں میں 2 دن تعطیل ہوتی ہے جبکہ 2 چھٹیوں کی وجہ سے کاروبار، معیشت اور سرکاری امور سست روی کا شکار ہیں۔

خیال رہے کہ اس سے پہلے گزشتہ برس امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے بھی اتوار کے بجائے جمعہ کو ہفتہ وار تعطیل کرنے کی قرارداد پیش کی تاہم چیئرمین سینیٹ نے قرارداد کا معاملہ ایڈوائزری کمیٹی کے سپرد کردیا اور کمیٹی میں بحث کے بعد ایوان میں لانے کا فیصلہ کیا۔