پشاور: سوشل میڈیا پر نشے میں پولیس کو گالیاں دینے اور بعدازاں گرفتاری کے بعد پولیس تشدد سے مشہور ہونیوالا عامر تہکالے ایک بار پھر پولیس کے ہتھے چڑھ گیا۔
سٹی پٹرولنگ فورس کے جوانوں نے مسلح جوان کو گرفتار کیا تو ملزم کی شناخت عامرے تہکالے کے نام سے ہوئی، ملزم تاج آباد میں مسلح حالت میں موجود تھا کہ سٹی پٹرولنگ فورس کے جوانوں نے حراست میں لے کر تھانہ پشتخرہ منتقل کر دیا، ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز سٹی پٹرولنگ فورس کے جوان معمول کی گشت پر موجود تھے کہ تاج آباد کے علاقے میں ایک مسلح جوان کو دیکھ کر فوری حراست میں لے لیا گیا جس کی شناخت عامرے تہکالے کے نام سے ہوئی۔
ملزم کے قبضہ سے غیر قانونی اسلحہ برآمد کر لیا گیا ہے جس کو مزید قانونی کاروائی کی خاطر تھانہ پشتخرہ منتقل کر دیا گیا ہے جہاں اس کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔
یاد رہے کہ کچھ عرصہ قبل عامر تہکالے نے سوشل میڈیا پر پولیس افسران کو گالیاں دی تھیں جس کے بعد اسے گرفتار کیاگیا تو پولیس نے اسے وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنایا تھا جس کی ویڈیو بھی وائرل ہوئی تھیں اور پھر واقعہ کی تحقیقات کے لئے جوڈیشل انکوائری بھی ہوئی تھی جبکہ اس وقت کے ایس ایس پی کو تبدیل اور 2تھانوں کے ایس ایچ اوز سیمت 6اہلکاروں کو گرفتار بھی کرکے ان کیخلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا۔