اسلام آباد ائیرپورٹ پر طیارہ الٹ گیا 

اسلام آباد:اسلام آباد کے ائیر پورٹ پر تیز ہوا، آندھی اور بارش کے دوران تربیتی طیارہ الٹ گیا جبکہ ائیرپورٹ کا ایک دروازہ اور 2 کھڑکیاں ٹوٹ گئیں۔

اسلام آباد ائیر پورٹ پر فلائنگ کلب کا تربیتی طیارہ رات گئے تیز ہوا اور بارش سے الٹ گیا جس کی وجہ سے طیارے کو نقصان پہنچا۔

طیارے کو نقصان حفاظتی اقدامات نہ ہونے کی وجہ سے پہنچا۔ جہاز الٹنے کے باعث اس کے ٹیل ونگز اور ایک پر کو نقصان پہنچا۔

 انجینئرز نے جہاز کو پہنچنے والے نقصان کا تخمینہ لگانا شروع کردیا۔

دوسری جانب حفاظتی انتظامات نہ ہونے کی وجہ سے بھی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا۔

 اسلام آباد ائیرپورٹ پر بارش سے ایمیگریشن ہال کی چھت ٹپک پڑی اور تیز ہواؤں سے چھت کی سیلنگ بھی نیچے گر گئی۔

 تیز ہواؤں کے باعث ائیرپورٹ کا ایک دورازہ اور 2 کھڑکیاں بھی ٹوٹ گئیں تاہم ایسا پہلی بار نہیں ہوا بلکہ اس سے قبل بھی اسلام آباد ائیر پورٹ کو بارش کی وجہ سے نقصان پہنچا لیکن اس کے باوجود انتظامیہ ٹس سے مس نہیں ہوئی۔