کوہاٹ : نواحی علاقہ ڈھیری بانڈہ میں اراضی کے تنازعے پر فریقین میں فائرنگ سے 6 افراد جاں بحق ہوگئے۔
پولیس حکام کے مطابق کوہاٹ کے نواحی علاقے ڈھیری بانڈہ میں زمین کے تنازعے پر دو گروپوں کے مابین مسلح تصادم میں 6 افراد جاں بحق، اور خاتون سمیت دو افراد زخمی ہوگئے۔
پولیس حکام نے بتایا کہ ابتدائی تفتیش میں پتہ چلا ہے کہ چچا اور بھتیجے کے مابین اراضی پر تنازعہ چل رہا تھا، اور خاندان کے معتبر افراد نے معاملے کو سلجھانے کے لئے جرگہ بلارکھا تھا، اور اسی دوران دونوں فریقین میں چپقلش ہوگئی، اور بات ہاتھا پائی سے فائرنگ تک جاپہنچی۔
حکام نے بتایا کہ دونوں طرف سے فریقین کے قریبی رشتہ دار ہی موجود تھے، اور فائرنگ کے نیتجے میں اسی خاندان کے 6 افراد جاں بحق اور 3 شدید زخمی ہوگئے، لاشوں اور زخمیوں کو ڈویژنل ہیڈ کوارٹر اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جب کہ واقعے کی تفتیش کی جارہی ہے۔