کورونا وائرس سے ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 84 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ گزشتہ ایک دن میں کورونا کے ایک ہزار 923 مثبت کیسز رپورٹ ہوئی ہیں۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 50 ہزار 393 کورونا ٹیسٹ کئے گئے، جن میں سے ایک ہزار 923 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق کے بعد ملک میں مثبت کیسز کی شرح 3.81 فیصد ہوگئی ، جبکہ ملک بھر میں کورونا کے فعال کیسز کی تعداد 48 ہزار 937 ہوگئی، جن میں 3 ہزار سے زائد مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
سرکاری اعدادو شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 84 اموات رپورٹ ہوئیں جس کے بعد مجموعی اموات کی تعداد 21 ہزار 189 ہوگئی ہے۔
این سی او سی کے مطابق ملک بھر میں اب تک مجموعی طور پر کورونا کے مصدقہ متاثرہ افراد کی تعداد 9 لاکھ 30 ہزار 511 ہو گئی ہے جبکہ ملک بھر میں صحت یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد 8 لاکھ 60 ہزار 385 ہوگئی ہے۔