بیوی اور بیٹی غیرت کے نام پر قتل 

پشاور: تھانہ فقیر آباد کے علاقے اتحاد کالونی میں باپ نے بیٹے کیساتھ ملکر بیوی اور بیٹی کو غیرت کے نام پر قتل کردیا اور واقعہ کو چھپانے کیلئے نعشیں خاموشی کیساتھ آبائی گاؤں چارسدہ منتقل کردیں۔

 اطلاع ملتے ہی پولیس حرکت میں آگئی عین جنازے کے وقت چارسدہ پہنچ کر ماں بیٹی کی نعشیں تحویل میں لیکر ایک ملزم کوگرفتار کرلیا۔

 ایس ایچ او فقیر آباد نعمان خان کے مطابق گزشتہ روزاتحاد کالونی میں لحاظ گل نامی شخص نے اپنے بیٹے عبداللہ کیساتھ ملکر بیوی ثمن گل اور جوانسال بیٹی نایاب کو فائرنگ کرکے قتل کردیااورپولیس کو بتائے بغیر خاموشی کیساتھ دہرا قتل چھپانے کیلئے نعشیں آبائی گاؤں چارسدہ منتقل کردیں۔

 دوسری جانب اطلاع ملتے ہی پولیس عین جنازے کے وقت چارسدہ پہنچ گئی اور نعشیں تحویل میں لیکر پشاور مردہ خانہ منتقل کردیں جہاں پوسٹ مارٹم کے بعد ورثاء کے حوالے کردیں جبکہ شک کی بناء پر لحاظ گل کو حراست میں لیکر تفتیش شروع کردی تو اس نے ابتدائی طور پر موقف اختیار کیا کہ نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے قتل کیا لیکن مزید تفتیش کی گئی تو ملزم نے انکشاف کیا کہ اس نے اپنے بیٹے کیساتھ ملکر دونوں ماں بیٹی کو غیرت کے نام پر قتل کیا ہے۔

 دوسری جانب مقتولہ ثمن گل کے والد اکرام ا للہ کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔