ملک بھر میں کورونا کے یومیہ کیسز میں بتدریج کمی ریکارڈ ہوئی ہے اور کورونا کے مثبت کیسز کی شرح ایک مرتبہ پھر گر کر 02۔3 فیصد پر آگئی۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 49 ہزار 285 کورونا ٹیسٹ کئے گئے، جن میں سے 1490 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق کے بعد ملک میں مثبت کیسز کی شرح گر کر 3.02 تک آگئی ، جبکہ ملک بھر میں کورونا کے فعال کیسز کی تعداد 47 ہزار 376 ہوگئی، جن میں 3 ہزار سے زائد مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
سرکاری اعدادو شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 58 اموات رپورٹ ہوئیں جس کے بعد مجموعی اموات کی تعداد 21 ہزار 323 ہوگئی ہے۔
این سی او سی کے مطابق ملک بھر میں اب تک مجموعی طور پر کورونا کے مصدقہ متاثرہ افراد کی تعداد 9 لاکھ 33 ہزار630 ہو گئی ہے جبکہ ملک بھر میں صحت یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد 8 لاکھ 64 ہزار 931 ہوگئی ہے۔