اسلام آبادائیرپورٹ پرمنشیات اسمگلنگ کی کوشش سیکیوٹی اہلکاروں نے ناکام بنا کر دو مسافروں کو گرفتار کرکے 2 کلو گرام سے زائد آئس منشیات برآمد کرلی۔
تفصیلات کے مطابق نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر دو مختلف واقعات میں منشیات اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنادی گئی۔ سیکیوٹی اہلکاروں نے دو مسافروں کو گرفتار کرکے ان سے مجموعی طور پر تقریبا 2 کلو گرام سے زائد آئس منشیات برآمد کرلی۔
ایئرپورٹ انتظامیہ کے مطابق اسلام آباد سے بحرین جانے والی پی آئی اے کی پرواز پی کے 187 کی بریفنگ جاری تھی کہ جوائنٹ سرچ کاؤنٹر پر اے این ایف کے عملے نے کوہستان سے تعلق رکھنے والے ہارون خان نامی مسافر کا سامان چیک کیا تو اس میں چھپائی گئی 942 گرام آئس منشیات برآمد ہوئی۔
اسی دوران لاہور سے تعلق رکھنے والے دوسرے مسافر تنویر احمد کے ٹرالی بیگ کی تلاشی لی گئی تو 952 گرام آئس منشیات برآمد ہوئی دونوں مسافروں کو منشیات سمیت اے این ایف سیل منتقل کرکے تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔