چلاس /کوہستان: صوبہ خیبر پختونخوا کے علاقے اپر کوہستان میں پانی باہ کے مقام شاہراہ قراقرم پر مسافر وین حادثے کی شکار ہوکر دریا برد ہوگئی 17افراد لاپتہ ہوگئے،بد قسمت مسافر وین میں ایک ہی خاندان سمیت 18افراد سوار تھے۔
دریا برد افراد کی تلاش کے لیے ریسکیو 1122کوہستان کے ساتھ مقامی لوگ کا مشترکہ ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
تفصیلات کے مطابق پیر کو اپر کوہستان کا علاقہ پانی باہ کے مقام شاہراہ قراقرم پر مسافر وین حادثے کی شکار ہوکر دریا برد ہوگئی،مسافر گاڑی میں کل 18افراد سوار تھے جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں جبکہ گاڑی میں ایک ہی خاندان کے پانچ سے زائد افراد بھی سوار تھے۔
،دریا برد افراد کو نکالنے کے لئے ریسکیو 1122اپر کوہستان اور مقامی لوگ مصروف عمل ہیں، ریسکیو آپریشن کے دوران ایک خاتون کی نعش برآمد کر لی گئی ہے جسے آر سی ایچ داسو منتقل کر دیا گیا ہے،دیگر 17لاپتہ افراد کی تلاش جاری ہے۔
بدقسمت مسافر وین چلاس سے راولپنڈی جارہی تھی،دریائے سندھ میں پانی کا بہاؤ تیز ہونے کے باعث ریسکیو امدادی سرگرمیوں میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے،ریسکیو 1122اپر کوہستان نے مشکلات کے پیش نظر گلگت سے پروفیشنل ریسکیو ٹیم اور پشاور سے پیشہ ور غوطہ خوروں کو امداد کے لئے طلب کیا ۔
جس کے بعد ریسکیو 1122 اپر کوہستان نے بتایا کہ علاقہ پانی باہ کے مقام پر دریا برد ہونے والی مسافر گاڑی کو نکال لیا گیا ہے۔ گاڑی کی برآمدگی پر کوئی لاش نہیں ملی ہے۔ حادثے کا شکار گاڑی برآمد کرنے کے بعد ریسکیو آپریشن روک دیا گیا ہے۔ برآمد شدہ گاڑی دریائے سندھ کے کنارے پر رکھا گیا ہے۔
ریسکیو 1122 اپر کوہستان کے مطابق حادثے کا شکار 14 سواریوں کی شناخت کرلی گئی ہے۔ شناخت شدہ سواریوں میں 7 خواتین جبکہ 7 مرد شامل ہیں۔ دیگر لاپتہ سواریوں کے بارے میں معلومات موصول نہیں ہوسکی۔
واضح رہے کہ حادثہ صبح 6 بجے کے قریب پیش آیا۔ کوہستان حادثے میں جاں بحق ہونے والوں میں وزیب خان ولد شکیر خان عمر 26 سال، مقصود ولد شکیر خان عمر 17 سال، بریت ولد شکیر خان عمر 15 سال، خورشید عالم ولد شکیر خان عمر 10 سال، محمد عالم ولد شکیر خان عمر 8، بنفشہ زوجہ شکیر خان عمر 60 سال، فرینہ زوجہ وزیب خان عمر 23 سال، نیلم زوجہ وزیب خان عمر 25 سال، آدیمہ دختر شکیر خان عمر 9 سال، صودیہ دختر شکیر خان عمر 8 سال، ہاسینہ دختر شکیر خان عمر 6 سال، خورشید خان ولد شمشیر عمر 40 سال، نیلمہ دختر وزیب خان اور ڈرائیور شیر عالم خان سکنہ داریل شامل ہیں۔