جون میں کوویڈ کیسز کی شرح گر کر94۔2 ریکارڈ

ملک بھر میں کورونا کے یومیہ کیسز میں بتدریج کمی ریکارڈ ہوئی ہے اور تقریباً 4 ماہ بعد مثبت کیسز کی شرح 3 فیصد سے بھی کم ہوگئی۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 46 ہزار 882 کورونا ٹیسٹ کئے گئے، جن میں سے  1383 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی۔

اعداد و شمار کے مطابق  ملک میں مثبت کیسز کی شرح گر کر 2.94 تک آگئی ،جو تقریباً 4 ماہ بعد کورونا کے مثبت کیسز کی سب سے کم شرح ہے۔

اس سے قبل رواں سال 14 فروری کو ملک میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 2.62 ریکارڈ کی گئی تھی۔

 سرکاری اعدادو شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 53 اموات رپورٹ ہوئیں جس کے بعد مجموعی اموات کی تعداد 21 ہزار 376 ہوگئی ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق اس وقت ملک بھر میں کورونا کے فعال مریضوں کی تعداد46 ہزار 190 ہے۔ جب کہ3 ہزار سے زائد مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

این سی او سی کے مطابق ملک بھر میں اب تک مجموعی طور پر کورونا کے مصدقہ متاثرہ افراد کی تعداد 9 لاکھ 35 ہزار 013 ہو گئی ہے جبکہ  ملک بھر میں صحت یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد 8 لاکھ 67 ہزار 447 ہوگئی ہے۔