خیبرپختونخوا بجٹ میں سرکاری ملازمین اور پنشنرز کے وارے نیارے

پشاور:خیبرپختونخوا حکومت نے پنشن میں 5سے 20فیصد تک اضافہ کا فیصلہ کیا ہے صوبائی حکومت کی جانب سے ملازمین کی تنخواہوں میں پچیس فیصد اضافہ کے اعلان کے بعد اب دوسرے مرحلے میں ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن میں بھی اضافہ کر رہی ہے۔

 محکمہ خزانہ کی جانب سے پنشن میں اضافہ کے لئے سفارشات کو حتمی شکل دیدی گئی ہے۔

 خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے یومیہ اجرت پرکام کرنے والے ملازمین کی تنخواہوں میں 4ہزارروپے تک کا اضافہ کیا ہے اور اب ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن میں اضافہ کیا جا رہاہے۔

 سال 2016میں اعلان کردہ دس فیصد اور سال 2017میں اعلان کردہ دس فیصد ایڈہاک ریلیف الاونس کو تنخواہوں کے نئے سکیل میں ضم نہیں کیا جائے گا۔ اورا نہیں جوں کاتوں فریز رکھنے کی سفارش کی گئی ہے۔

 سال 2018-19میں اعلان کردہ دس فیصد ایڈہاک ریلیف الاونس کو تنخواہ میں ضم کر کے نیا سکیل بنایا جائے گا اور اس پر پندرہ فیصد ایڈہاک ریلیف الاؤنس کا اعلا ن بجٹ میں کردیا جائے گا۔ 

گریڈ 17سے گریڈ 19تک افسران کو گاڑیوں کے بجائے ماہانہ الاؤنس دیاجائے گا۔جبکہ گریڈ 20سے گریڈ 22تک ایگزیکٹو الاؤنس دینے کی بھی سفارش کی گئی ہے۔

 ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن میں اضافہ کے حوالے سے صوبائی حکومت کی جانب سے وفاق کو سفارشات بھی ارسال کی تھی اور ان سفارشات کی منظوری وفاق کی جانب سے دی گئی ہے آئندہ نئے مالی سال کے وفاقی بجٹ میں تنخواہوں میں اضافہ کا اعلا ن بھی کیا جارہا ہے۔