ایک دن میں کورونا کے 1303 نئے کیسز رپورٹ

کورونا وائرس سے ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران  مزید 76 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ گزشتہ ایک دن میں کورونا کے ایک ہزار303 مثبت کیسز رپورٹ ہوئی ہیں۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 41 ہزار 824 کورونا ٹیسٹ کئے گئے، جن میں سے  ایک ہزار303 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی ۔

 اعداد و شمار کے مطابق اس وقت ملک بھر میں  2 ہزار 967 کورونا  مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

 اعدادو شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 76 اموات رپورٹ ہوئیں جس کے بعد مجموعی اموات کی تعداد 21 ہزار 529 ہوگئی ہے۔

این سی او سی کے مطابق ملک بھر میں اب تک مجموعی طور پر کورونا کے مصدقہ متاثرہ افراد کی تعداد 9 لاکھ 37 ہزار 434 ہو گئی ہے جبکہ  ملک بھر میں صحت یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد 8 لاکھ 71 ہزار 669 ہوگئی ہے۔