لندن: دنیا کی سات بڑی معیشتوں کی تنظیم ’’جی 7‘‘ کے سربراہ اجلاس میں غریب ممالک کو ایک ارب کورونا ویکسین عطیہ کرنے پر اتفاق کیا گیا ہے جس کے لیے نجی شعبے اور جی-20 کے ساتھ مل کر کام کیا جائے گا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق برطانوی وزیراعظم بورس جانسن کی میزبانی میں جی-7 کا اجلاس لندن میں جاری ہے جس میں برطانیہ کے علاوہ امریکا، فرانس، کینیڈا، جاپان، اٹلی اور جرمنی کے سربراہان شریک ہیں جب کہ یورپی یونین کے نمائندے بھی موجود ہیں۔
امریکی صدر جوبائیڈن کی جانب سے برطانیہ کو چند ماہ قبل جی سیون سمٹ میں چین کے بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے کے متبادل کے طور پر ایک پتوجیکٹ کے آغاز کا مشورہ دیا گیا تھا جس پر اجلاس میں تبادلہ خیال کیا اور اس اہم ضرورت پر اتفاق کیا گیا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ سات ممالک کا یہ گروپ آئندہ برس کے دوران 1 ارب کورونا ویکسین کی خوراکیں مفت فراہم کرے گا۔ اس سال 7 کروڑ خوراکیں عطیہ کی گئی ہے جن میں سے نصف غیر ’’جی 7‘‘ ممالک کو بھیجی گئیں۔
جی-7 گروپ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ اہم تناسب میں برآمد جاری رکھی جائیں گی جب کہ رضاکارانہ لائسنسنگ اور غیر منافع بخش عالمی پیداوار کو فروغ دیا جائے گا۔
واضح رہے کہ اقوام متحدہ کے غریب ممالک کو کورونا ویکسین کی مفت فراہمی کے پروگرام کوویکس میں 95 فیصد حصہ جی-7 ممالک نے ڈالا ہے۔