کوئٹہ میں دہشت گردوں کا حملہ، 4 ایف سی جوان شہید

 راولپنڈی: کوئٹہ   میں  فرنٹیئر کور(ایف سی)  کے  جوانوں پر دہشت گردوں نے  حملہ کردیاجس کے نتیجے میں  4 اہلکار شہید ہو گئے۔

  ایف سی نے  فوری طور پر علاقے کوگھیرے میں لے کر دہشت گردوں کی تلاش کیلئے  آپریشن شروع کرد یا۔

 پیر کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق دہشت گردوں نے کوئٹہ میں مارگٹ مائنزکی حفاظت پرمامورایف سی اہلکاروں کو روڈ پربارودی سرنگ کے ذریعے  نشانہ بنایا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں نے ایف سی پر حملے کے لیے دیسی ساختہ بارودی سرنگ استعمال کی،شہید ہونے والے چاروں بہادر ایف سی اہلکاروں میں ایک جونیئرکمیشنڈ آفیسربھی شامل ہے۔

 شہدا میں  صوبیدار سردار علی خان جن کا تعلق تحصیل لکی مروت  کے گاؤں  وانڈا لنگر کیل سے تھا، سپاہی مصدف حسین  کا تعلق ضلع وہاڑی کے چک 272 ای بی سے تھا، سپاہی محمدانور کا تعلق ضلع ڈیرہ اسماعیل خان  کے علاقے  وانڈہ  تلگی سے تھااور سپاہی اویس خان ضلع نیلم کے گاؤں بندال سے  تھے شامل ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ایف سی نے علاقے کوگھیرے میں لے کر دہشت گردوں کی تلاش کا آپریشن شروع کرد یا ہے۔

 آئی ایس پی آر نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ شرپسندعناصرکے ایسے بزدلانہ حملے بلوچستان میں مشکل سے حاصل کئے گئے  امن اور خوشحالی کوسبوتاژ نہیں کرسکتے ، سیکیورٹی فورسزاپنی جانوں کانذرانہ دے کر ایسے ناپاک عزائم کو ناکام بنائیں گی۔