گائے کھیتوں میں جانے کے تنازعہ پر ایک بھائی قتل، دوسرا زخمی

پشاور: تھانہ داؤدزئی کے علاقے شکر پورہ مرکز کورونا مہاجر کیمپ میں گائے کھیتوں میں جانے کے تنازعہ پر مسلح افراد نے فائرنگ کرکے ایک بھائی کو قتل جبکہ دوسرے بھائی کو شدید زخمی کردیا۔

 تفصیلات کے مطابق ادریس، کرامت، عبداللہ پسران زر سید سکنہ افغانستان حال مرکز کورونا مہاجر کیمپ نے کابل جان کے گھر میں گھس کر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں سمیع اللہ عرف اسامہ جاں بحق جبکہ  اسکا بھائی عصمت اللہ ولد کابل جان سکنہ افغانستان حال مرکز کورونا شدید زخمی ہوگیا۔

وجہ عناد یہ بتائی گئی ہے کہ ادریس کی گائے کابل جان کے کھیتوں میں چلی گئی تھی جس پر کابل جان نے گائے کو پکڑ کر اس کی دم کاٹ دی اس کے بعد فریق کابل جان وغیر ہ نے ادریس کی گائے کو پکڑ کر ذبح کردیا اور قصابوں پر فروخت کردیا جس پر بات فائرنگ تک جا پہنچی۔

پولیس نے واقعہ کا مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی۔