قومی اسمبلی میں نئے اصول و ضوابط متعارف کروانے کا فیصلہ 

 اسلام آباد:قومی اسمبلی میں ہنگامہ آرائی کے بعد  وزیر اعظم نے ایوان میں نئے اصول و ضوابط متعارف کروانے کا فیصلہ کرلیا۔

 ذرائع کے مطابق وزیر اعظم کی زیر صدارت ایوان کا ماحول بہتر بنانے کیلئے اعلی سطح کا اجلاس ہوا جس میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، شفقت محمود، اسد عمر،فہمیدہ مرزا، سید امین الحق و دیگر حکومتی و اتحادی اراکین شریک ہوئے۔

ذرائع کے مطابق وزیر اعظم نے سیاست میں برداشت کا کلچر متعارف کرانے کے لئے ہنگامی مشاورت کے بعد ایوان میں نئے اصول و ضوابط متعارف کروانے کا فیصلہ کرلیا۔ وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ پارلیمنٹ میں سازگار ماحول کے لئے نئے اصول و ضوابط مشاورت سے تیار کئے جائیں۔

 وزیر اعظم نے کہاکہ ہر حال میں قومی اسمبلی میں نظم و ضبط کو یقینی بنائیں وزیراعظم نے اسمبلی کا ماحول بہتر بنانے کے فوری طور اصول و ضوابط اور قوانین لانے کی ہدایت کر دی۔ وزیر اعظم نے کہاکہ ایوان میں جو کچھ ہوا اس پر ذاتی طور پر دکھ ہوا، احتجاج کا حق سب کو ہے لیکن ہلڑ بازی کی روایت ختم کرنا ہوگی۔

وزیر اعظم عمران خان سے سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے ملاقات کی دونوں رہنماؤں نے قومی اسمبلی میں قواعد وضوابط کی خلاف ورزی کرنے والے حکومتی و اپوزیشن اراکین کیخلاف سخت کارروائی اور ایوان میں داخلے پر پابندی لگانے پر اتفاق کیا ہے۔

 وزیر اعظم نے کہا کہ ایوان کے تقدس  کا خیال رکھنا حکومت کی ذمہ داری  ہے،ایوان کا تقدس پامال کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز کاروائی کی جائے۔وزیراعظم نے کہا کہ گزشتہ روز ہونے والے واقعہ پر سخت رنجیدہ ہوں اور دکھ ہے کہ ایوان کے تقدس کی پامالی کرنے والوں میں حکومت کے اراکین اسمبلی اور وزراء شامل ہیں،جو کام اپوزیشن نے کرنا تھا وہ حکومتی اراکین کررہے تھے،اس اقدام سے پاکستان سمیت دنیا بھر میں جگ ہنسائی ہوئی ہے۔