صوابی:صوابی کے علاقہ اعظم آبادمیں 7 مرلہ مکان کے تنازعہ پر چچا و بھتیجوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلہ میں ایک خاتون سمیت چار افراد جاں بحق جبکہ نو سالہ بچی سمیت تین شدید زخمی ہوگئے۔
جاں بحق ہونے والوں میں دو بھائی اور ایک بھتیجی بھی شامل ہیں۔
پولیس تھانہ کالو خان کی رپورٹ کے مطابق اعظم آباد چوکی کے قریب موضع سیفور کوٹھے میں چچا و بھتیجوں کے درمیان کئی عرصے سے سات مرلہ زمین پر تنازع چل رہا تھا۔
ہفتہ کے روز ایک بھائی ہارون کی بیٹی کی شادی کی تقریب ہو رہی تھی کہ اس دوران ایک فریق نے اندھا دھندفائرنگ شروع کی جس کے نتیجے میں دلہن کے والد ہارون اور ان کا بھائی سید احمد پسران احمد جان‘زاہد ولد سید احمد اور دختر محمد جان موقع پر جاں بحق جبکہ عابد‘نو سالہ ایمن اور دوسرے فریق سے مقتولین کا بھائی وزیر محمد زخمی ہوگئے۔