پشاور:تھانہ رحمان بابا کے علاقے اچر بہادر کلے میں قتل مقاتلے کی دشمنی کے نتیجہ میں مسلح افرادنے گھر میں گھس کر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں دوبھائی جاں بحق اور خاتون سمیت تین افراد زخمی ہوگئے۔
ملزموں کی فائرنگ سے ا ن کا اپنا ساتھی بھی زد میں آکر جاں ں بحق ہوگیا۔
پولیس نے واقعہ میں ملوث ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔
گزشتہ روز رحمت اللہ ولد غلام صدیق سکنہ اچر کلے نے زخمی حالت میں پولیس کو رپورٹ درج کراتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ روز وہ اپنے بھائیوں اور دیگر فیملی کے ہمراہ گھر میں موجود تھا کہ اس دوران مسلح ملزمان ارشد ٗمجاہد اور امان پسران محمد زمان ساکنان اچرکلے ان کے گھر گھس آئے اور آتے ہی اندھا دھند فائرنگ شروع کردی۔
ملزمان کی فائرنگ سے مدعی رحمت اللہ ٗ اس کے بھائی امین اللہ ٗ شیر علی ٗ عثمان اور گھر میں موجود بہن مسما ۃباز بی بی زوجہ بخت زحمان شدید زخمی ہوگئے جبکہ ملزموں کی فائرنگ سے ان کا ایک ساتھی بھی شدید زخمی ہوگیا۔
ملزمان ارتکاب جرم کے بعد فرار ہوگئے جبکہ تمام زخمیوں کو طبی امداد کیلئے ہسپتال پہنچایاگیا جہاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے اس کے دو بھائی شیر علی اور امین اللہ جاں بحق ہوگئے۔
اسی طرح ملزمان کاساتھی مجاہد ولد محمد زمان بھی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگیا پولیس نے واقعہ کی رپورٹ درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی ہے۔