لیہ میں تیز رفتار ٹریلر نے 3طلباء کچل دیئے

لیہ: صوبہ پنجاب کے ضلع لیہ میں دلخراش واقعے نے ہر آنکھ کو اشک بار کردیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق چوک اعظم پر دھوری اڈا کے قریب ٹریلر کی زد میں آکر تین طلبا جاں بحق ہوگئے.

ریسکیو ذرائع نے حادثے سے متعلق بتایا کہ جاں بحق تینوں طلبا موٹر سائیکل پر سوار ہوکر جارہے تھے کہ تیز رفتار ٹریلر نے انہیں کچل ڈالا، واقعے کے بعد ڈرائیور جائے حادثے سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثے میں جاں بحق موٹر سائیکل سواروں میں دو سگے بھائی اور ان کا ایک کزن شامل ہے، تینوں طلبا کی لاشوں کو ضابطے کی کارروائی مکمل کرنے کے بعد ورثا کے حوالے کردیا گیا ہے جبکہ ٹریلر ڈرائیور کی تلاش شروع کردی گئی ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے ٹریفک حادثے میں تین طلبا کے جاں بحق ہونے پر اظہار افسوس کیا ہے اور غمزدہ خاندان سے دلی ہمدردی اور اظہار تعزیت کیا ہے۔

سردار عثمان بزدار نے ڈی پی او لیہ سے افسوسناک واقعےکی مکمل رپورٹ طلب کرتے ہوئے ہدایت کی کہ حادثےکےذمہ دار ٹریلر ڈرائیور کو گرفتار کرکےمزید قانونی کارروائی کی جائے۔