کورونا وائرس سے ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 39 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ گزشتہ ایک دن میں کورونا کے 930 مثبت کیسز رپورٹ ہوئی ہیں۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 45 ہزار 519 کورونا ٹیسٹ کئے گئے، جن میں سے 930 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی، جس کے بعد ملک بھر میں کورونا کے فعال کیسزکی تعداد 33 ہزار 005 ہوگئی، جبکہ 2 ہزار سے زائد مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
اعدادو شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 39 اموات رپورٹ ہوئیں جس کے بعد مجموعی اموات کی تعداد 22 ہزار073 ہوگئی ہے۔
این سی او سی کے مطابق ملک بھر میں اب تک مجموعی طور پر کورونا کے مصدقہ متاثرہ افراد کی تعداد 9 لاکھ 50 ہزار 768 ہو گئی ہے جبکہ ملک بھر میں صحت یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد 8 لاکھ 95 ہزار 690 ہوگئی ہے۔