پڑوسیوں کے ہاتھوں 2کمسن بھائیوں کے قتل کی لرزہ خیز واردات

اوکاڑہ: پنجاب کے ضلع اوکاڑہ میں گھر آنے سے منع کرنے پر پڑوسیوں نے دو بچوں کو قتل کردیا۔

 قتل کی لرزہ خیز واردات اوکاڑہ کی رحمان کالونی میں پیش آئی جہاں 18 سالہ نعمان اور 17 سالہ تنویر نے مدرسے سے آنے والے دو بھائیوں 5 سالہ علی اور 11 سالہ طحہ کو اغوا کے بعد قتل کردیا۔

پولیس کے مطابق ملزمان نے بچوں کو قتل کرنے کے بعد لاشیں نہر میں پھینک دیں، ملزمان کو سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے گرفتار کرلیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق بچوں کی لاشیں تاحال نہر سے نہیں نکالی جاسکیں، بچوں کی ماں شدت غم سے نڈھال ہیں۔

افسوسناک واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی جس میں دیکھا گیا کہ ملزمان دونوں بھائیوں علی اور طحہ کو موٹر سائیکل پر بٹھا کر لے جارہے ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات میں معلوم ہوا کہ بچوں کے باپ نے چند روز قبل نعمان کو اپنے گھر آنے سے منع کیا تھا۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے آر پی او ساہیوال سے دو بھائیوں کے قتل کی رپورٹ طلب کرلی۔

عثمان بزدار نے آر پی او کو ہدایت کی کہ گرفتار ملزمان کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے۔

انہوں نے آر پی او ساہیوال سے کہا کہ مقتولین کے لواحقین کو ہر قیمت پر انصاف فراہم کیا جائے۔